نئی دہلی، 16؍ستمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آر جے ڈی لیڈر شہاب الدین کی ضمانت منسوخ کرنے کی اپیل کو لے کر سینئر وکیل پرشانت بھوشن کی طرف سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کئے جانے کے بعد بہار حکومت نے بھی اس سلسلے میں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔پرشانت بھوشن نے چندہ بابو کی طرف سے درخواست داخل کی ہے۔کورٹ درخواست پر جلد سماعت کے لیے تیار ہو گیا ہے۔اس معاملے میں 19؍ستمبر کو سماعت ہوگی۔غور طلب ہے کہ شہاب الدین کے باہر آتے ہی بہار کی سیاست میں بھونچال آ گیا ہے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہاب الدین کے ضمانت پر باہر آنے سے ان کی سیکورٹی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔فی الحال شہاب الدین پر قتل، قتل کی کوشش، قتل کے مقصد سے اغوا، جبرا وصولی، چوری اور خطرناک ہتھیاروں کے ساتھ بغاوت کے مقدمات میں سماعت چل رہی ہے۔دراصل 2004میں شہاب الدین کو دو بھائیوں گریش اور ستیش کے قتل کے معاملے میں دسمبر 2015میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔وہیں اس معاملے میں اکلوتے گواہ گریش اور ستیش کے اکلوتے بھائی راجیو روشن کی بھی 16جون 2014کو قتل کر دیا گیا تھا ۔اس معاملے میں شہاب الدین فی الحال ضمانت پر ہیں اور یہ درخواست تینوں بھائیوں کے والد چندرکیشور پرساد عرف چندہ بابو نے سپریم کورٹ میں داخل کی ہے۔درخواست میں بہار حکومت کو بھی ایک فریق بنایا گیا ہے۔